اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک روز میں 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں جاری کورونا وبا کے تازہ ترین اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں۔
جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا سے مزید 15 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 29 ہزار 137 ہوگئی ہے۔
این سی اوسی کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں کوروناکے 51 ہزار 63 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے کوروناکے مزید 5 ہزار 196 کیسز رپورٹ ہوئے ، اس دوران ملک میں کوروناکے کیسز مثبت آنے کی شرح 10.17 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک میں کوروناکے ایک ہزار 293 زیرعلاج مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں جبکہ ملک بھر میں کوروناسے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 86 ہزار 348 تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کوروناکیسز کی تعداد پانچ لاکھ 31 ہزار008 ، پنجاب میں 4 لاکھ 67 ہزار 698 ، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 86 ہزار537 اور بلوچستان میں 34 ہزار 032 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 20 ہزار 813 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 526 اور آزاد کشمیر میں 35 ہزار734 کیسز سامنے آچکے ہیں۔