اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسدعمر کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں 4 کروڑ ویکسین لگادی گئیں، شاباش پاکستان، ویکسین کرائیں تاکہ وبا کو روکا جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسدعمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک بھرمیں 4 کروڑ ویکسین لگا دی گئیں، صرف 9 روزمیں ویکسین کا چوتھا کروڑ پورا ہوا ہے ، شاباش پاکستان، ویکسین کرائیں تاکہ وبا کوروکاجاسکے۔
گذشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں بھارتی ویرینٹ ڈیلٹا کے پھیلاؤ کے پیش نظر کورونا ویکسینیشن مہم تیز کرنے کے لئے اہم فیصلے کئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ این سی او سی نے یوم آزادی پر ملک بھر کے ویکسینیشن سینٹرز کھلے رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسینیشن سنٹرز 14 اگست کو کھلے رہیں گے جبکہ 10،9محرم الحرام کو تمام ویکسینیشن سینٹرزبند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کی صورتحال خطرناک ہوتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 102 مریض انتقال کر گئے اور تقریباََ 5 ہزار کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے ، اس دوران کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.30 فیصد رہی۔