کراچی : سندھ حکومت کا چینی اور ترک کمپنیوں سے کراچی کے لیے 250 بسوں کا معاہدہ طے پاگیا ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے کہا کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کےشعبے میں پہلا مثبت قدم ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی میں 250 بسیں سڑک پرلانےکیلئےمعاہدہ کرلیا ، معاہدہ سندھ حکومت،ترکی اور چینی کمپنیوں کےدرمیان ہوا ، معاہدے کی تقریب میں ترکی، چین کے سفرا سمیت وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے شرکت کی جبکہ مختلف ممالک کےمندوبین بھی تقریب میں شریک تھے۔
اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کا معاہدہ کررہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے کیلئےدن رات ایک کئے۔
اویس شاہ کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو 8ارب روپے منصوبےکیلئےدیئےگئے، بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کی سپورٹ سے منصوبے کا آغاز ہورہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ 250انٹراسٹی بسوں کا یہ پہلا منصوبہ ہے، دوسرا150بسوں کا معاہدہ بھی جلد شروع کررہے ہیں،کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کےشعبے میں پہلا مثبت قدم ہے، انشااللہ کراچی اور دیگر شہروں کو بہترسفری سہولت فراہم کریں گے۔