اسلام آباد: پنجاب میں عثمان بزدار کی جگہ تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا قوی امکان ہے، تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے عثمان بزدار کو ہٹانے کی حمایت کردی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں بزدار کی جگہ پی ٹی آئی کا ہی وزیر اعلیٰ لایا جائے گا جبکہ اس حوالے سے مسلم لیگ ق بروقت فیصلہ نہ کرسکی اس لیے تحریک انصاف کی جانب سے اپنی حکمت عملی طے کر لی گئی۔
وفاق میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے میں جہانگیر ترین اور علیم گروپ نے بھی بھرپور حمایت کا عندیہ دیا ہے،
ترین اور علیم گروپ کی جانب سے اپوزیشن کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
عبدالعلیم خان نے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومت خود تبدیلی لائے گی، پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے وزیراعظم کو علیم خان اور ترین گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا تجویز دی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاق کے کئی اہم وزرا سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کے حامی ہیں اور کئی اہم سینئر وزرا نے وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری وزارت اعلی کی تبدیلی کے سب سے بڑے حامی ہیں، پارٹی کے سیکریٹری جنرل، اسد عمر، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی صوبے میں تبدیلی کے خواہش مند ہیں۔