پاکستان مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا اعلان کردیا۔
دونوں جماعتوں کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے قائد ن لیگ نوازشریف اور شہبازشریف سے ملاقات کی۔ جس میں ملکی ترقی کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق ہوا۔ ن لیگ اور ایم کیوایم نے 6 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ یہ کمیٹی سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل پر جامع چارٹر تیار کرے گی۔
مشترکا اعلامیے کے مطابق ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ کمیٹی دونوں جماعتوں کے اشتراک کیلئے تجاویز 10 روز میں پیش کرے گی۔
ملاقات کے بعد لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کوئی ایک جماعت ملکی مسائل حل نہیں کرسکتی۔ قومی اتفاق رائے کیلئے ملکر چلنا ہوگا۔ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔
اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے وسیع تر اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ طے پایا کہ ایم کیوایم اور ن لیگ الیکشن میں ملکر حصہ لیں گے۔ ملک کے وسیع تر مفاد میں دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔