لاہور : معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے بعد پیپلز پارٹی کی ایک اورشرمناک حرکت سامنے آگئی ،اب زکوۃ کا پیسہ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سالگرہ کیک، ناشتے کے بل، صدقے کے بکرے اور بلاول کےہوائی ٹکٹ کی جعلی اکاؤنٹس سےادائیگی کےبعدپیپلز پارٹی کی ایک اورشرمناک حرکت سامنے آگئی ،اب زکوۃ کا پیسہ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال ہونے لگا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ نے سندھ بینک کو سیاسی کارکنوں اور جیالوں کے زکوۃ کارڈز بلاک کرنے اور بائیومیٹرک تصدیق کا بھی حکم دیا۔
گذشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے غریب نادار اور مستحق شہریوں کےلیے مختص زکوٰۃ کی رقم کو سیاسی مقاصد کےلیے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔
جس پر سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی مقاصد کےلیے کام کرنا ہے تو بجٹ میں حکومت کوئی اسکیم متعارف کرائے لیکن حکومت زکوٰۃ کی رقم سیاسی مقاصد کےلئے ہرگز استعمال نہیں کرسکتی۔