اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پی ٹی آئی فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ارو فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں، الیکشن کمیشن نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو عمران خان اور فواد چودھری کو 14مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عمران خان اور فواد چودھری کے وارنٹ الیکشن کمیشن کے چار رکنی بنچ نے جاری کئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان بار بار طلبی کے باوجود پیش نہیں ہورہے، عمران خان اور فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری توہین الیکشن کمیشن کیس میں جاری ہوئے ہیں۔
عمران خان 13 مارچ کو سیشن کورٹ میں پیش ہوں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم
الیکشن کمیشن نے آئی جی پولیس اسلام اباد کو قابل ضمانت وارنٹ کے تعمیل کروانے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی تھی۔
منگل کو الیکشن کمیشن میں چار رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سیکرٹری اسد عمر اور مرکزی رہنما فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کی جانب سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا۔ خیبرپختونخوا سے ممبر جسٹس (ر) اکرام اللہ نے ریمارکس دیئے کہ نہ تو یہ رہنما خود آئے ہیں اور نہ ہی ان کے وکیل آئے ہیں جس پر سندھ سے رکن نثار درانی نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ ان پر توہین الیکشن کمیشن پر آرڈر کر دیں۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی تھی۔