کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ اور چیکنگ سخت کردی گئی ہے، ایمبولینسز، پولیس و دیگر وردی میں ملبوس اہلکاروں اور سرکاری گاڑیوں کو چیک کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
کراچی پولیس پر حملے کے تناظر میں اسلام آباد پولیس کے تمام افسران کو خود اپنےعلاقے میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے، جڑواں شہروں کے داخلی و خارجی راستوں اور اندرون شہر چیکنگ کو بڑھا دیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ دوران سفر اپنے ضروری شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور چیکنگ میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
حکام کی جانب سے تمام اہم عمارات اور ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور ڈیوٹی پر مامور تمام اہلکاروں کے مکمل حفاظتی یونیفارم میں ہونے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔