خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں انتہاپسندوں کی جانب سے کیے گرینیڈ حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
بنوں ڈویژن پولیس کے ترجمان واجد خان نے بتایا کہ ’موٹرسائیکل پر سوار انتہاپسندوں نے پولیس کی وین پر ہینڈ گرینیڈ پھینکا‘۔
انہوں نے تصدیق کی کہ حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوا اور دوسرے کو زخم آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حملہ ٹاؤن شپ پولیس کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب ڈومیل تھانے کی پولیس چھاپہ مار کارروائی میں مصروف تھی تاہم پولیس کی جانب سے کارروائی کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جائے وقوع پر پولیس کی اضافی نفری پہنچ گئی اور ’حملہ آور کی گرفتاری‘ کے لیے کارروائی شروع کی گئی ہے جو حملے کے بعد فرار ہوگئے ہیں۔
ملک میں مہنگائی اور معاشی مشکلات آئی ایم ایف کی وجہ سے ہیں، وزیر داخلہ
ان کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے گزشتہ چند مہینوں کے دوران ملک میں امن و امان کی صورت حال مزید خراب ہوئی ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، عسکریت پسند گروپ داعش اور گل بہادر گروپ جیسے دہشت گرد گروہ ملک بھر میں حملے کر رہے ہیں۔
کالعدم ٹی ٹی پی نظریاتی طور پر افغان طالبان سے منسلک ہے جس نے گزشتہ برس مختصر عرصے میں ملک بھر میں ایک سو سے زائد دہشت گردی کی کارروائیاں کیں۔