رواں برس جنوری میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی۔
بختاور بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ ان کے ہاں 10 اکتوبر کو بیٹے کی پیدائش ہوئی۔
آصف علی زرداری کی صاحبزادی 31 جنوری 2021 کو پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چوہدری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، ان کی شادی کی تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہی تھیں۔
بختاور بھٹو کے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر 10 اکتوبر کی شام ساڑھے پانچ بجے کی گئی پوسٹس میں تصدیق کی گئی کہ سابق صدر کی صاحبزادی کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی۔
مختصر پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بچے کی پیدائش کہاں ہوئی اور اب والدہ و بچہ کیسے ہیں، تاہم بتایا گیا کہ ننھے مہمان کی آمد 10 اکتوبر کو ہوئی۔
بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی بہن کا ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ آفیشلی ماموں بن گئے‘۔
بلاول کی طرح بختاور کی چھوٹی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے خالہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔
بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش پر انہیں کئی شخصیات نے مبارک باد دی اور ان کے بیٹے کے لیے بھی دعائیں کیں۔