اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری نے استعفیٰ کے بعد دو ٹوک پیغام میں کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قاسم سوری نے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفیٰ میری پارٹی کے وژن اور شاندار وراثت سے وابستگی کی علامت ہے، استعفیٰ جمہوریت کے ساتھ اس کی وابستگی کی علامت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری،سالمیت پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، ملکی مفادات اورآزادی کےلیے لڑیں گے ، پاکستان کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
یاد رہے ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ، قومی اسمبلی اجلاس میں آج قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی۔