زیارت : بلوچستان کے ضلع زیارت سے اغوا ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کے کزن عمر جاوید کی لاش بھی مل گئی۔
بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے عمر جاوید کی لاش ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
عسکری ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کے کزن کی لاش ورچوم میں اغوا کی واردات کی جگہ کے قریب ایک برساتی نالے سے ملی ہے۔
ملزمان نے لاش کے قریب آئی ای ڈی بم بھی نصب کررکھے تھے جنہیں بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کی جگہ کے قریب سے لاش ملنے کا مطلب ہے کہ انہیں فوری قتل کردیا گیا تھا۔
حیدرآباد واقعے پر کسی کو سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شرجیل میمن
خیال رہے کہ 12 جولائی کو لئیق مرزا اور ان کے کزن کو اس وقت اغو کیا گیا تھا جب وہ اہل خانہ کے ہمراہ زیارت میں قائداعظم ریذیڈنسی کا دورہ کرکے واپس کوئٹہ جارہے تھے۔
لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کی لاش پہلے ہی مل چکی ہے۔ انہیں بھی گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ان کی لاش جمعرات کو ہرنائی اور زیارت کے سرحدی علاقے مانگی ڈیم کے قریب سے ملی تھی۔