لاہور: نیو انارکلی بازار پان منڈی کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
لاہور کے علاقے نیو انارکلی میں پان منڈی کے قریب خوف ناک دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی آواز سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکا اتنا زوردار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی کئی موٹرسائیکلوں کو آگ لگ گئی۔ ابتدائی طور پر اسے سلنڈر دھماکا کہا گیا تاہم بعد ازاں اس کے بم دھماکا ہونے کی اطلاع سامنے آئی۔
بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا اور دھماکہ کے بعد زمین میں گڑھا پڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچیں جب کہ سینئر پولیس افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔ دھماکے میں زخمیوں کی تعداد 20 ہوگئی جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔
زخمیوں میں 30 سالہ عدیم شجاع، 40 سالہ جمیل عبداللہ شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال پہنچا دیا گیاہے۔
سی سی پی او فیاض احمد دیو نے پولیس کو موقع پر ریسکیو کارروائیوں میں مدد دینے کی ہدایت کی ہے۔