وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دیانتدار قیادت میں ملک ترقی کررہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے، حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے، 3 برس کے دوران کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہ آنا تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے۔
انکا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شفافیت کی نئی مثال قائم کی ہے، اب کوئی قومی وسائل میں خیانت کی جرأت نہیں کرسکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق ادوار میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے گئے، منصوبوں میں کک بیکس اور کمیشن کھائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کرپشن کے مینار کھڑے کرکے اربوں کی لوٹ مار کی گئی، ہر روز کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا، قوم کرپشن کی ہوشربا داستانیں آج تک نہیں بھولی، ہماری حکومت کے دور میں کرپٹ افراد کو نکیل ڈالی گئی ہے۔