ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں 4 سال ملک سے کھلواڑ کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت کےایک سال میں بھی عوام کا براحال ہوگیا۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی جلد سیاسی میدان میں اترے گی اور عوام کو خوابوں کی تعبیر دے گی۔ استحکام پاکستان پارٹی لوگوں کوجوڑنے کےلیے بنائی گئی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ معاشی عدم استحکام پاکستان کےلیے بڑا چیلنج ہے، معاشی عدم استحکام کی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے، پوری قوم پر مصیبتوں کی بارش ہورہی ہے، پاکستان مشکل صورتحال سے گزررہاہے۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت میں پاکستان کے ساتھ کھلواڑ ہوتا رہا جبکہ موجودہ حکومت کےایک سال میں بھی عوام کابراحال ہوگیا۔ پوری قوم پر مصیبتوں کی بارش ہورہی ہے، پاکستان میں اب مہمان اداکاروں کی جگہ نہیں ہے۔