کراچی: کسٹمز حکام نے غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر ڈیفنس میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے لندن سے چوری کروڑوں روپے مالیت کی لگژری گاڑیاں برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کسٹمز نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کارروائی کرتے ہوئے لندن سے چوری کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی لگژری گاڑی برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا.
حکام کے مطابق گاڑی ڈیفنس میں بنگلے سے برآمد کی گئی ہے جبکہ گاڑی ضبط کرکے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک اور لگژری گاڑی فلیٹس سے تحویل میں لی گئی ہے۔ سفید رینج روور سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا بتانا ہے کہ ضبط گاڑی کی مالیت 50 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ گاڑی کو محکمہ ایکسائز نے غیرقانونی طور پر رجسٹر ڈکرایا ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق گاڑی کی رجسٹریشن پر 30 کروڑ ٹیکس تھا جو ادا نہیں کیا گیا جبکہ مفرور ملزم نوید یامین نے گاڑی گرفتار ملزم نوید کی مدد سے جمیل کو فروخت کی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ کارروائی میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔