ملک میں تیل وگیس کی تلاش اور پیداوار بڑھانے کے لیے پیٹرولیم پالیسی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) کا اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار بڑھانے کے لیے پیٹرولیم پالیسی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
کمیٹی تیل اور گیس کی تلاش اور پیداواری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے پیٹرولیم پالیسی میں درکار ترامیم تیار کرے گی۔
کمیٹی میں شبلی فراز، عبدالرزاق داؤد، خالد منصور اور سیکریٹری پیٹرولیم شامل ہوں گے۔
اجلاس میں پاکستان پیٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن 2012ء کے مطابق ماڈل پیٹرولیم شیئرنگ ایگریمنٹ کے مسودے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
معاہدے کا مسودہ ملک میں تیل اور گیس کی سمندر میں تلاش میں سہولت فراہم کرے گا۔لاءڈویژن کو منظوری سے قبل معاہدے کے مسودے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں جنوری 2022ء کے گردشی قرضوں کی صورتحال اور پاور سیکٹر کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔