کراچی: کراچی میں ڈینگی کی وبا ایک مرتبہ پھر بے قابو ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 109کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 108 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ضلع شرقی ہوا ہے کیونکہ ضلع شرقی میں 50 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ضلع وسطی 23 ،ضلع جنوبی 22، ضلع کورنگی 5، ضلع ملیر 4 ، ضلع کیماری 2 اور ضلع غربی میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 730کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال سندھ بھر میں3 ہزار 310 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈینگی وائرس سے کیسے محفوظ رہا جائے؟
ڈینگی بخار دنیا بھر میں مچھروں سے سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور یہ 4 اقسام کے ڈینگی وائرسز کا نتیجہ ہوتا ہے۔
ڈینگی کے مرض سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، عام لوگوں کی توجہ صرف گندے پانی کی جانب جاتی ہے لیکن اس مرض کو پھیلانے میں اہم ترین کردار صاف پانی ادا کرتا ہے۔
مچھر دانیوں اور اسپرے کا استعمال لازمی ہے کیوں کہ ایک مرتبہ یہ مرض ہوجائے تو اس وائرس کو جسم سے ختم ہونے میں دو سے تین ہفتوں تک کا وقت لگ سکتا ہے۔