کراچی/ لاہور: پاکستان کی 75 ویں جشن آزادی کے موقع پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب منعقد کی گئیں،جس میں مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔
تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی ، جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کےمہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور سہیل احمد تھے ، مہمان خصوصی سہیل احمد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
دوسری جانب لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، مزاراقبال پرپاکستان رینجرز کی جگہ پاک فوج کے دستے نے فرائض سنبھالے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی میجرجنرل انیق الرحمان ملک کی مزاراقبال پرحاضری دی ، پھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ پڑھی جبکہ مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات شروع ہو گئی ہیں، کراچی میں مزار قائد کے احاطے اور اطراف میں ڈرون کیمرہ اڑانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔