قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ پر تنقیدی نشتر چلا دیئے۔
محمد عامر نے ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کے حوالے سے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے فیصلوں سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی سی آئی بچکانہ کام کر رہا ہے اور انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور خود کھیل کی بے عزتی نہیں کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ بھارت نے ایشیا کپ کے لیے پاکستان جانے سے انکار کیا ہوا ہے، پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا تھا لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی اس پر عمل کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مکمل طور پر رائٹ آف کیا جا رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس کے ساتھ بے عزتی کا برتاؤ کیا جا رہا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کو اپنے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ کی کوئی قدر نہیں۔یہ ثابت ہو رہا ہے کہ آپ جو کچھ بھی کرتے ہیں، اس کا ہم پر کوئی اثر نہیں ہوتا، اور یہ ایسا ہی ہے کہ اگر آپ کسی بچے کو چاکلیٹ نہ کھانے کو کہیں گے تو وہ کہے گا کہ میں کھاؤں گا اور وہی کہتا رہے گا۔ جب بھی پی سی بی کہے گا۔ بی سی سی آئی مختلف بہانے پیش کرتا ہے جیسے خراب موسم، اخراجات بہت زیادہ اور سکیورٹی وجوہات ۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایک ہی ماڈل ہے، اور وہ ہے کرکٹ۔ اسے ٹھیک رہنے دو، چاہے یہ پاکستان، بھارت، افغانستان، سری لنکا، یا بنگلا دیش میں ہو رہا ہو، برائے مہربانی اسے بچوں کی طرح غیر ضروری ضد کے بجائے پرامن طریقے سے ہونے دیں۔ اگر کوئی کہے پاکستان میں سیکیورٹی کا مسئلہ ہے تو آئی سی سی کی ٹیم چند روز پہلے یہاں تھی جو کہ سکیورٹی کلیئرنس دے کر جا چکی ہے، اسی عرصے کے دوران میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی تھا، پی سی بی نے انہیں ایسی مہمان نوازی فراہم کی۔