وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی صورتحال کی وجہ سے جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے
کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نثار کھوڑو سینیٹ الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں ، س کے علاوہ عاجز دھامرہ اور اعجاز جاکھرانی نے بھی کاغذات جمع کروائے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق این ایف سی کا پیسہ صوبوں سے اکٹھا کرتا ہے، سندھ کے 32 ارب روپے ایف بی آر نے کاٹ دیئے ۔
گزشتہ روز صحافی اطہر متین کے قتل پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ جلد ہی اطہر متین کے قاتلوں کو گرفتار کرلیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے واقعات بڑھنے پر تشویش ہے، اسٹریٹ کرائمز کے واقعات دیگر شہروں میں بھی ہورہے ہیں، ملک میں معاشی صورتحال کی وجہ سے بھی جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کوشش ہے کہ امن و امان کی صورت حال بہتر کی جائے، پولیس کوضروری ہدایات جاری کی ہیں امید ہے بہتری آئے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق نے جو افسران ہٹائے تھے انھیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، وفاقی حکومت آئین کے مطابق صوبائی حکومت سے مشاورت کرنے کی پابند ہے، ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔