اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ان کیلئے بھیانک جو سہولت کاروں کے بغیر لنگڑے لولے ہیں، ہم ہمیشہ عوام کی طاقت سے جیت کر آتے ہیں
مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ان کیلئے بھیانک جو سہولت کاروں کے بغیر لنگڑے لولے ہیں، ہم ہمیشہ عوام کی طاقت سے جیت کر آتے ہیں۔ انہوں نے سینئر صحافی کامران خان کے ٹویٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کامران بھائی ہمارے لیے بھیانک کیوں ؟ ہم تو اللّہ اور عوام کی طاقت سے جیت کر آتے ہیں۔
بھیانک تو انکے لیے جو آرٹی ایس بٹھا کر، سلیکٹ ہو کر آتے ہیں اور جو سہولت کاروں کے بغیر لنگڑے لولے ہو جاتے ہیں! انہوں نے کہا کہ مگر نوٹ فرما لیجیے! یہ 2018 نہیں اور نا ہی نظام فیض کے شکنجے میں ہے! Bring it on!
الیکشن کمیشن کا 14مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ، شیڈول جاری
یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم پر 14مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شیڈول بھی جاری کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے، اپیلیں جمع کرانے کیلئے دس اپریل کی تاریخ مقرر کردی ہے، 17اپریل کو اپیلیں نمٹائی جائیں گی، نظرثانی شدہ فہرست 18 اپریل کو جاری کی جائے گی، شیڈول کے تحت 19اپریل کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، بیس اپریل کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کیا جائے گا اور الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کرانے کیلئے فنڈز کیلئے وزارت خزانہ سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق پنجاب کی نگران حکومت سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نگران حکومت نے انتظامی اور سکیورٹی معاملات پر مداخلت کی جائے گی۔