کراچی : ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں اومیکرون کے ساتھ ڈیلٹا ویرینٹ بھی پھیل رہا ہے، انفیکشن ریٹ بڑھتاہےتولاک ڈاؤن کی طرف جاسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر شاہد رسول نے کراچی میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ویکسینیشن کی کمی اومیکرون کوبڑھارہی ہے، کراچی میں ویکسنیشن کی شرح صرف 40فیصدہے، کروڑوں کی آبادی والےشہرمیں ویکسین کی شرح اتنی کم ہے۔
پروفیسرشاہدرسول کا کہنا ہے کہ اومیکرون کی زیادہ سے زیادہ تصدیق کیلئے جینوم سیکوئنسنگ بڑھاناہوگی کیونکہ اومی کرون کے ساتھ ڈیلٹا ویرینٹ بھی پھیل رہا ہے۔
وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے بتایا کہ رواں ہفتے 8 فیصدتک انفیکشن کی شرح بڑھی ہے، انفیکشن ریٹ بڑھتاہےتولاک ڈاؤن کی طرف جاسکتے ہیں، اب یہ فیصلہ حکومت کوکرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن انفیکشن کےریٹ سےمشروط ہے، اسپتالوں میں ابھی بوجھ نہیں پڑا لیکن ویکسی نیشن بڑھانا ہوگی اورایس اوپیزپرعمل کرنا ہوگا۔
دوسری جانب پارلیمانی سیکریٹری برائےصحت ڈاکٹرنوشین حامد نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں ویکسینیشن کو تیز کرنا ہوگا اور سندھ حکومت کوشہریوں کے گھروں تک جانا ہوگا۔
ڈاکٹرنوشین حامد کا کہنا تھا کہ وفاق صوبوں کوویکسین مہیاکررہاہے، سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے ہرشہری تک پہنچے اور سندھ حکومت فوری طورپرعملی اقدام کرے۔