نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ملک میں انتہاپسندی اور مذہبی کشیدگی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان میں موجود اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی اولین فرائض میں ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ واقعہ میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے، معمول کی پالیسیوں پرعمل پیرارہیں گے۔آئین کے تحت نگران حکومت مختصرمدت کےلیے آئی ہے، نگران حکومت کے پاس روزمرہ حکومتی معاملات چلانے کا اختیارہے۔
اس سے قبل وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔ اجلاس میں اہم قومی امورپربحث،امن وامان اور معیشت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ نگراں وزیراعظم نے دورہ جڑانوالہ پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے آئندہ ہفتے قومی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیا، بین الاقوامی سطح کے مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے علماء کو بلایا جائے۔
اجلاس میں مالی سال 24۔2023 کےلیے دیت کی قیمت کا تعین بھی کردیا گیا،دیت کی کم سے کم رقم 67 لاکھ 57 ہزار 902 روپے مقرر کردی گئی، اوورسیزایمپلائمنٹ پروموٹرلائسنسز دائرہ اختیار کی منتقلی اور تبدیلی کے ایجنڈے پر شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔
ملزم عمر فاروق ولد خالد فاروق کی پاکستان سےامریکہ حوالگی کے معاملے کا جائزہ لیا گیا جبکہ قوانین میں لفظ وفاقی حکومت کو مناسب طریقے سے تبدیل کرنے کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔