وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبد الشکور اسلام آباد میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے، وفاقی وزیر مذہبی امور کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، حادثاتی قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مفتی عبدالشکور کی گاڑی کی رفتار 30 کلومیٹر جبکہ ٹکر مارنے والی ویگو کی 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
وفاقی وزیر کی گاڑی کو حادثہ سیکرٹریٹ چوک اسلام آباد میں پیش آیا، مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس کے سینئر افسران نے موقع پر جا کر گاڑی اور اس میں سوار افراد کو حراست میں لے لیا۔
مولانا عبدالشکور کا تعلق جمیت علمائے اسلام (ف) سے تھا اور وہ این اے-51 سے قومی اسمبلی کے رکن تھے۔
جے یو آئی کے میڈیا سیل کے مطابق مولانا عبدالشکور کی نماز جنازہ اتوار کو دوپہر دو بجے لکی مروت کے علاقے تاجبی خیل میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پولیس ویگو گاڑی چلانے والے ڈرائیور سمیت 5 افراد کو حراست میں لے چکی ہے۔
مقدمہ درج
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر ٹریفک حادثے میں المناک موت کا مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں دوست اور اُن کے آخری افطار کے میزبان قدرت اللہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر میں حادثاتی قتل، تیز رفتاری اور گاڑی کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں، لکھا گیا ہے کہ تیز رفتاری گاڑی کی ٹکر سے مفتی عبدالشکور موقع پر ہی خالق حقیقی سے جا ملے جبکہ ان کی سرکاری گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ
پولیس نے ماہرین کی مدد سے تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کرلی ہے، موٹر وہیکل ایگزامینر کے مطابق مفتی عبدالشکور 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے جبکہ ان کی گاڑی سے ٹکرانے والی ویگو تقریباً 110 کلومیٹر کی رفتار سے دوڑ رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق شاہراہ دستور پر جہاں حادثہ پیش آیا وہاں حد رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے، جائے حادثہ پر اُس وقت ٹریفک سگنلز فری تھے، ویگو گاڑی میں کسی قسم کی کوئی خرابی نہیں تھی۔
ذرائع کے مطابق ٹکر مارنے والی ویگو گاڑی پولٹری کے کاروبار سے وابستہ شخصیت کے اسکواڈ میں شامل تھی۔
وزیراعطم کا اظہار افسوس
دوسری طرف وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مفتی عبدالشکور کے اہلخانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے، مفتی عبدالشکور جمعیت علماءاسلام (ف) کے متحرک، نظریاتی راہنماؤں میں شمار ہوتے تھے، انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دئیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین