اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں جان بوجھ کر امن وامان کی صورتحال کو خراب کیا جا رہا ہے، ٹی وی اسکرینوں پر تماشہ لگا ہوا ہے، چند سو لوگوں کو لا کر عدالت پر دھاوا بولا جاتا ہے،
عمران خان نے اپنے دورمیں ہر ادارے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، عمران خان نے صدر پاکستان کے دفتر کو سیاسی اکھاڑہ بنایا ہوا ہے، صدر پاکستان عمران خان کی کٹھ پتلی بنا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ملک میں جان بوجھ کر امن وامان کی صورتحال کو خراب کیا جا رہا ہے،
ٹی وی اسکرینوں پر تماشہ لگا ہوا ہے، چند سو لوگوں کو لا کر عدالت پر دھاوا بولا جاتا ہے، عمران خان قانون اور عدالتی نظام کا تماشہ بنا رہے ہیں، عوام جو آج ٹی وی پر تماشہ دیکھ رہے ہیں وہ آئین اور عدالت کا مذاق ہے، پہلے کہا گیا عمران خان زمان پارک سے عدالت نہیں آ سکتے، پھر کہا گیا گاڑی سے عدالت نہیں جا سکتے۔
عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو عدالت پر دھاوا بولنے کا کہا، عمران خان کو مہلت دی گئی تو اس نے لوگوں کو ہائیکورٹ پہنچنے کی کال دی، ایک شخص کو ہائیکورٹ بلاتی ہے تو وہ دھمکی دیتا ہے جب کہ اسے عدالت بلا رہی ہے اور وہ شخص مطلوب ہے، جو عدالت کی بات نہیں مانتا اور آئین کی بات نہیں مانتا، وہ لاڈلا ہے،
عمران خان نے اپنی درخواست ضمانت پر دستخط بھی نہیں کیے تو کیا یہ سہولت عام عوام کو حاصل ہیں؟ عمران خان کو سہولت د ی جاتی ہے تو ہر مجرم کو سہولت دی جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا شہباز شریف جب نیب جاتے تھے تو ہمارے سینئر رہنما کو روک لیا جاتا تھا، یہ امر ثابت کرتا ہے کہ عمران خان تفتیش کا حصہ نہیں بنے گا، نواز شریف نے عدالت کا مذاق نہیں اڑایا، تمام عدالتوں میں پیش ہوئے، اس وقت عمران خان لوگوں کے ہمراہ عدالت کے احاطے میں حملہ آور ہیں،
عمران خان نے صدر پاکستان کے دفتر کو بھی سیاسی اکھاڑہ بنایا ہوا ہے، عمران خان نے پہلے بھی صدر سے آئین شکنی کروائی اور اب بھی صدر پاکستان عمران خان کی کٹھ پتلی بنا ہوا ہے۔