وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی سے منسوب سوشل زیرگردش ویڈیو جعلی ہے۔
ایف آئی اے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘سینیٹر اعظم سواتی کے حوالے سے غلط ویڈیو انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہے، جس کا فورنزک سے جائزہ لیا گیا ہے اور وہ جعلی پائی گئی ہے’۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘وائرل ویڈیو کا بین الاقوامی فارنزک اینالیسز معیار کے مطابق ابتدائی طور پر آڈیو، ویڈیو اور فریم ٹو فریم فارنزک جائزہ لیا گیا’۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ‘فارنز کے ابتدائی تجزیے میں انکشاف ہوا ہے کہ ویڈیو ایڈیٹ کی گئی ہے اور چہرے بگاڑ کر مختلف ویڈیو کلپس جوڑ دی گئی ہیں’۔
چیئرمین سینیٹ کا اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پرمشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘تجزیے میں یہ بات سامنے آئی کہ فوٹو شاپ کا استعمال کرتے ہوئے تصاویر میں چہرے بدل دیے گئے ہیں’۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ‘سینیٹر نے پریس کانفرنس میں باقاعدہ تفتیش پر اپنے شبہات کا اظہار کیا تھا، اعظم سواتی سے درخواست ہے کہ وہ ایف آئی اے میں ایک شکایت درج کرادیں’۔
سینیٹر اعظم سواتی سے گزارش کی گئی ہے کہ ویڈیو ‘کے اصلی ہونے کے حوالے سے ان کی سوچ کی وجوہات سے متعلق اپنی تشویش سے آگاہ کریں’۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ‘بادی النظر مین یہ ایک جعلی، ڈیپ فیک ٹولز کے ساتھ ایڈیٹ کی گئی ویڈیو ہے جو غلط فہمی پیدا کرنے اور معزز سینیٹر کو بدنام کرنے کے لیے کی گئی ہے’۔