لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی لائیو تقریر نشر کرنے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی لائیو تقریر نشر کرنے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست شہری منیراحمد نے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائرکی ، درخواست میں وفاقی حکومت،پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیمرا نے اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کی کوریج پر پابندی عائدکر رکھی ہے لیکن نوازشریف کی تقریر تمام ٹی وی چینلزپر براہ راست دکھائی گئی۔
دائردرخواست میں کہا گیا کہ پیمرا اشتہاریوں کی تقاریر نشر نہ کرنے کے حوالے سے اپنے احکامات کو برقرار رکھے، پیمرا اپنے جاری کیے گیے احکامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
دائردرخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اشتہاریوں ،مفرورملزمان کی کوریج پر پابندی کےاحکامات پرعملدرآمد کرانے کا حکم دے۔