لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ توہین عدالت میں پہلے یوسف رضا گیلانی نے نااہلی بھگتی اب شہبازشریف بھگتے گا، پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے وزراء اعلیٰ کی جانب سے درخواست دائر کررہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی صدر چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی، ملاقات میں انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔
عمران خان نے خصوصی طور پر مونس الٰہی کی خیریت دریافت کی۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر حکمران غلط روایت ڈال رہے ہیں، توہین عدالت میں پہلے یوسف رضاگیلانی نے نااہلی بھگتی اب شہبازشریف بھگتے گا۔
پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے وزراء اعلیٰ کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررہے ہیں، خواجہ طارق رحیم اور فواد چودھری ان درخواستوں کی پیروی کریں گے۔
بروقت فنڈز، سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث پنجاب میں الیکشن ممکن نہیں ، الیکشن کمیشن
پی ٹی آئی صدر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں پنجاب میں امیدواروں کے چناؤ سے متعلق مشاورت ہوئی، انتخابی ٹکٹوں کا اعلان عمران خان کریں گے۔ الیکشن روکنے کیلئے ہر غیرآئینی ہتھکنڈا استعمال کیا جارہا ہے،
نااہل حکمرانوں کو اپنے ہر غیرآئینی اقدام کا جواب دینا ہوگا، شہبازشریف اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں چاہے ان کو آئین شکنی کرنا پڑے، آئین شکن شوباز قوم کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکا ہے۔
اسی طرح تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر شہباز شریف اور ان کے بیٹوں کے مقدمے ختم نہ کئے جاتے تو 24 ارب کی رقم خزانے میں آتی،
یہ رقم دونوں صوبوں میں انتخابات کے کل خرچے سے بھی زیادہ ہے۔ فواد چوہدری نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ ان کی کرپشن کا صرف چھوٹا سا رخ ہے، اصل پیسے لندن اور کہاں کہاں جا چکے ہیں۔