کراچی : افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے کی کابل جانے والی پروازوں میں تاخیر کے باعث معطل کردیا گیا ہے۔
کابل میں مسافروں، عملے اور اثاثوں کی حفاظت کی خاطر پروازیں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی ہیں، یہ فیصلہ وزارت خارجہ اور افغان سول ایوایشن سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر ملک چھوڑ کر جانے والوں کا رش لگا ہوا ہے جبکہ کابل ایئرپورٹ پر کوئی سیکیورٹی اہلکار بھی موجود نہیں۔
ذرائع کے مطابق کابل ایئرپورٹ پرامیگریشن اور مسافروں کے سامان کی چیکنگ کیلئے عملہ بھی موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو ذہنی کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے جہازوں اور عملہ کیلئے مشکلات پیش آسکتی ہیں، بغیر چیکنگ مسافروں کو جہاز میں سوار کرانا سیکیورٹی رسک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان سے متعلق پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا، ترک میڈیا نے سوالات اٹھا دیے
واضح رہے کہ پی آئی اے نے تین پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا تھا، غیرمتوقع تبدیلی کے باعث سیکڑوں پاکستانی شہری کابل میں پھنسے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان کے دارالحکومت میں داخلے کے بعد غیریقینی کی صورت حال کے پیش نظرکابل انتظامیہ نے پی آئی اے حکام کو خصوصی پروازوں کی اجازت دی تھی۔