محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے مغربی ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 18 مئی تک اپنا اثر دکھائیں گی ۔ 16 اور 17 مئی کے دوران بلوچستان ، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں آندھی اور بارش ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ پشاور ، چارسدہ ، نوشہرہ ، صوابی ، مردان، کوہاٹ میں بھی بادل برسیں گے۔ اسلام آباد ، راولپنڈی ، مری ، گلیات، اٹک ، جہلم ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ میں بھی بارش متوقع ہے۔
فیصل آباد ، جھنگ ، قصور ، شیخوپورہ ، خوشاب ، اوکاڑہ ، لاہور میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ پنجاب ، کے پی ، آزاد کشمیر میں کھڑی فصلوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔