وزیر خارجہ نے چھٹے عام انتخابات کے انعقاد پر ایتھوپیا کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔
ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، ایمبیسڈر ردوان حسین نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان، مشترکہ تاریخی مفادات اور برادرانہ تعلقات ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے دس بلین سونامی ٹری منصوبے اور ایتھوپیا کی قیادت کے “گرین ایتھوپیا وژن “میں گہری مماثلت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ خارجہ، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں “انگیج افریقہ” پالیسی پر گامزن ہے، پاکستان، ایتھوپیا سمیت براعظم افریقہ کے تمام ممالک کے ساتھ سفارتی، سیاسی، پارلیمانی، تجارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ انگیج افریقہ پالیسی کے تحت افریقہ میں 5 نئے سفارت خانے اور 6 تجارتی دفاتر قائم کیے گئے ہیں، پاکستان میں ایتھوپین سفارت خانے کا کھلنا،2019 میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی مثبت ملاقات کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کہ ایتھوپیاکے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، دورہ پاکستان، بطور نمائندہ خصوصی کر رہے ہیں اور ایتھوپین قیادت کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کیلئے اہم پیغام لے کر آئے ہیں۔