لندن : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا، ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔
سابق وزیر اعظم نے لندن میں پارٹی کارکنوں اور بیرون ممالک سے آئے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پنجاب کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، جس کے لیے مریم نوازرواں ماہ کےاختتام پرپاکستان پہنچ کر پارٹی کو ازسرنو منظم کریں گی۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ قومی اسمبلی کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، اس سے پہلے پاکستان کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا کیوں کہ ایک کرکٹر نے ساڑھے 3 سال میں ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا اور اب عمران خان ایک بار پھر عوام کو گمراہ کرنے میں دن رات مصروف ہیں جب کہ ہم نے ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے سیاست نہیں ریاست بچانے جیسے مشکل فیصلے کیے۔
’کیسا لگا سرپرائز‘: لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کا پی ٹی آئی پر طنز
میڈیا رپورٹس سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سینئر پارٹی قیادت نے نواز شریف کو رواں ماہ واپسی کی تجویز دی تھی، نواز شریف کو سیاسی صورتحال کے پیش نظر واپسی کی تجویز دی گئی تھی
تاہم نواز شریف نے پارٹی رہنماوں کو جواب دیا کہ فی الحال واپسی ممکن نہیں ہے، مریم نواز کی رواں ماہ واپسی کا امکان ہے، مریم نواز کی رپورٹ پر واپسی کا فیصلہ کروں گا۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے رانا ثناء اللہ کو لندن طلب کرلیا، پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے سلسلے میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کو لندن طلب کیا ہے،
رانا ثناء اللہ کا آئندہ دو روز میں لندن روانگی کا امکان ہے، رانا ثناء اللہ پنجاب کی سیاسی صورتحال پر نواز شریف کو اعتماد میں لیں گے جبکہ رہنماؤں میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ پر گفتگو ہو گی،
وزیر داخلہ کو سیاسی صورتحال پر اہم ٹاسک دئیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایاز صادق اور خواجہ سے بھی سیاسی امور پر مشاورت کی ہے۔