اسلام آباد :وفاقی حکومت نے رمضان المبارک میں سرکاری ملازمین کیلئے ڈیوٹی کے اوقات کم کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران وفاقی حکومت کے ماتحت سرکاری اداروں کے لیے اوقات کار جاری کیے گئے ہیں، اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے،
رمضان المبارک کے دوران ہفتہ میں پانچ روز کے لیے کھلنے والے دفاتر میں اوقاتِ کار صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوں گے جب کہ ہفتہ کے 6 دن کام کرنے والے دفاتر میں اوقات کار صبح 9 سے 2 بجے تک ہوں گے،
تاہم جمعے کو سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے۔
صدارتی انتخاب سے ایک روز قبل محمود اچکزئی کا انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ
اسی طرح سندھ حکومت نے بھی رمضان کے مقدس مہینے کے لیے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے، جس کے تحت پیر سے جمعرات تک ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہوں گے تاہم جمعہ کے روز صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک سرکاری دفاتر کھلے رہیں گے ،
جب کہ جن دفاتر میں ہفتے کی چھٹی نہیں ہوتی وہاں پیر تا جمعرات اور ہفتے کو اوقات کار صبح 10 سے دوپہر 3 بجے تک ہوں گے اور جمعہ کو صبح 10 سے دوپہر 1 بجے تک کی ٹائمنگ رکھی گئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ رواں سال رمضان المبارک کا پہلا روزہ منگل 12مارچ کو ہونے کا امکان ہے، رویت ہلال کمیٹی ریسرچ کونسل کے جنرل سیکریٹری مفتی خالد اعجاز نے ایک بیان میں کہا کہ 11مارچ بروز پیر کی شام کو مطلع صاف ہونے کی صورت میں ہلال کی رویت باآسانی ممکن ہے لہٰذا امکان ہے پہلا روزہ منگل 12مارچ 2024ء کو ہوگا کیوں کہ 10 مارچ بروز اتوار کی شام دنیا کے کسی بھی اسلامی ملک میں ہلال کی رویت ممکن نہیں ہے۔