لاہور : غیرقانونی تعمیرات مسمار نہ کرنے کےمعاملے پر عدالت نے ڈی آئی جی آپریشن کو مہلت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود شہری کی اراضی پرغیرقانونی تعمیرات مسمار نہ کرنے کے معاملے پرسماعت ہوئی۔ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے درخواست گزار عامر منشا کی درخواست پر سماعت کی۔ ایس پی صدر حفیظ الرحمن بگٹی عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں ایس پی صدر حفیظ الرحمن بگٹی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزارکا مؤقف تھا کہ 5 اپریل 2021 کو ٹرائل کورٹ نے غیرقانونی تعمیرات کی مسماری کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے باجود تاحال غیرقانونی تعمیرات مسمار نہیں کی گئیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنا توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت غیر قانونی تعمیرات کی مسماری کے حکم پرعملدرآمد کا حکم دے۔
استدعا میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالت پولیس افسران کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کا حکم دے۔
ڈی ایس پی لیگل نےعدالت سے استدعا کی کہ ڈی آئی جی آپریشن تبدیل ہوگئے ہیں، جواب کے لیے مہلت دی جائے جس پر لاہور ہائی کورٹ نے ڈی آئی جی آپریشن کو جواب جمع کرانے کے لیے 11 جنوری تک کی مہلت دے دی۔