لاہور / پشاور : پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں مختلف موٹرویز پر شدید دھند کے باعث متعدد مقامات پر ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا، یہ اقدام حادثات سے بچاؤ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے متعدد موٹر ویز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم1پشاور سے برہان تک دھند کے باعث بند جبکہ موٹروے ایم2دھندکے باعث لاہور سے لِلہ انٹرچینج تک بند رہے گی۔
اس کے علاوہ دھند کے باعث موٹر وے ایم3فیض پور انٹر چینج سے درخانہ انٹر چینج تک اور موٹر وے ایم4عبدالحکیم سے سگریگیشن پلازہ تک ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم5شیر شاہ سے ظاہر پیر تک ٹریفک کیلئے بند ہے اس کے علاوہ موٹر وے ایم11محمود بوٹی سے کالا کھاتائی تک اور موٹر وے ایم 14 داؤد خیل سے تراب تک دھند کی وجہ سے بند رہے گی۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقے اسموگ کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے جہاں ناصرف کروڑوں انسانوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہیں، وہیں روز مرہ معمولات بھی شدید متاثر ہیں۔