اسلام آباد: مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مسلح جتھوں اور گینگسٹر کا لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جتھوں کی پشت پناہی ہو گی تو پھر تمام لوگ اس ریلیف کے مستحق ہیں،کرپشن کیس میں 60 ارب روپے کے جواب دینے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے عمران خان کو قانون کے مطابق گرفتار کیا،ایک مجرم کو سپریم کورٹ کا ریلیف دینے کا تاثر اس کی پشت پناہی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کو ریلیف ملے گا تو ملک جلے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے 60 ارب روپے چوری کیے،جناح ہاؤس جو کہ کور کمانڈر کا گھر ہے اسے جلایا گیا،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے گھر بھی حملہ کیا گیا۔ پولیس کا زمان پارک میں پیٹرول بمبوں سے استقبال کیا گیا،25 مئی کو عمران خان کو سزا مل جاتی تو ملک جل نہ رہا ہوتا،نیب کے مجرم کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے دیا
انکا کہنا تھا کوئی نہیں چاہتا اس ملک میں آگ لگے،آگ لگانے والے،ریاست کیخلاف بندوق اٹھانے والے اور ملک پر حملہ آور ہونے والے کو آج اگر ریلیف ملے گا تو نہ آپ اس شر سے بچیں گے،نہ میں اور نہ ہی ملک کا کوئی شہری بچ سکے گا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میں پیش گوئی کر رہی ہوں آپ فیصلہ اس کیخلاف کریں،کسی کا کچھ نہیں بچے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا،پی ٹی آئی نے عوامی اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا،یہ عوامی ردعمل نہیں تھا بلکہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا،جو قانون ہاتھ میں لے گا وہ پاکستانی ہے اور نہ ہی پاکستانی شہری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی و ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،نیب القادر ٹرسٹ کیس کی تحقیقات کر رہی تھی۔