اسلام آباد:بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان پیپلز پارٹی کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ملیر لیاری ضمنی انتخابات اور بلدیاتی انتخابات جیتنے کا ٹاسک پارٹی رہنماؤں کو دے دیا۔
پارٹی رہنماؤں اور وزیراعلیٰ سندھ نے بلاول بھٹو زرداری کو یقین دہانی کروائی اور کہا کہ لیاری اور ملیر کی نشست پیپلز پارٹی جیتے گی۔
اجلاس میں بلاول بھٹونے بلدیاتی انتخابات سے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو واضح ہدایات جاری کی جبکہ بلاول بھٹوزرداری نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات میں کھڑے پارٹی امیدواروں کو کھل کر سپورٹ کرنے کی ہدایت اور مخالفت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا پیغام بھی دیا۔
بلاول بھٹونے پیپلز پارٹی رہنماؤں کو آپسی اختلاف ختم کرکے متحد ہوکر این اے 246 لیاری، این اے 237 ملیر سمیت بلدیاتی انتخابات جیتنے کا لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی، بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اجلاس میں شامل وزیراعلیٰ سندھ اور وزرا نے دی گئی ہدایات پر مکمل عمل کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ عمران خان پیپلز پارٹی کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے، پارٹی رہنما متحد ہونگے تو عمران خان ہو یا کوئی بھی پیپلز پارٹی کے جیالوں کا سامنا نہیں کرسکتے۔
بلاول بھٹونے یہ بھی کہا کہ مجھے اطلاعات ہیں کچھ ایم پی ایز، ایم این ایز اور پارٹی عہدیدار پارٹی کے امیدواروں کی مخالفت کر رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیے جانے کا واضح مسیج بھی دیا اور کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت کی مکمل عمل کرنا سب کا فرض ہے۔