پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری حقیقی آزادی کی تحریک آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور آج رات جلسے میں چیئرمین عمران خان پارٹی کے مستقبل کا لائحہ عمل دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کی ریلی کا نعرہ حقیقی آزادی ہے، حقیقی آزادی یہ ہے کہ اللہ کے سوائے کسی اور کے آگے نہیں جھکیں گے اور عمران خان کا مقصد یہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین آج رات پارٹی کے مستقبل کا لائحہ عمل واضح کریں گے جیسا کہ ہماری تحریک آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔
پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسے میں عمران خان آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، عوام جو فیصلہ کریں گے وہ حتمی ہوگا، ہمارا مقصد یوم آزادی منانا ہے. پوری پی ٹی آئی کی قیادت آج لاہور میں جمع ہے۔
’اسمبلی تحلیل کریں ہر چیز پر بات کرنے کو تیار ہیں‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فائدہ سیاسی استحکام ہے، الیکشن سے ہی سیاسی استحکام آئے گا، اس وقت ملک کی کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے، مہنگائی کی شرح 38 فیصد تک ہوچکی ہے، پیٹرولیم مصنوعات اور خوردنی تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں کم ہوئی ہے لیکن اس کا فائدہ پاکستانیوں کو نہیں ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کا اعلان ہمارے ہاتھ میں ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ یہ سارا عمل ایک فریم ورک کے تحت ہو، ہم فساد کے بغیر انتخابات میں جانا چاہتے ہیں، اگر سڑکوں پر آئے تو حکومت 5 دن میں چلی جائے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تلخیاں بڑھانا بہت آسان ہے لیکن ہمیں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے، یہ بات مسلم لیگ (ن) کی سمجھ میں جتنی جلدی آجائے اتنا اچھا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر بنی گالا پر چھاپہ مارنے کی بات کی جائے گی تو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے گھر بھی زیادہ دور نہیں ہیں۔