ملک بھر میں آج جشن آزادی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
جشن آزادی کے موقع پر متوالوں نے رنگ برنگی لائٹس ، ہری بھری جھنڈیاں ،جھنڈے لگاکر پورا دیس سجا دیا۔ بچے، نوجوان، خواتین سمیت سب ہی تیاریوں میں مگن ہے، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔
عمارتوں اور گھروں پر سب ہلالی پرچموں کی بہار اور ہر طرف اسٹالز بھی سجے ہوئے ہیں، بڑی شاہراہوں کے اردگرد قائم عمارتوں کی سجاوٹ نے شہر کے رنگ ڈھنگ ہی بدل دیے۔
ملک کے مختلف شہروں میں رات 12 بجتے ہی آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان کا چھہترویں یوم آزادی کا آغازتوپوں کی سلامی سے ہوا۔ پاک فوج اورنیوی کے چاق وچوبند دستوں کی جانب سے توپوں کی سلامی دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پرپاک فوج اور نیوی کے دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے گئے۔
دوسری جانب پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہ ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے، انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔
لاہورمیں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی۔
مزار علامہ اقبال پر پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لیے ہیں۔ میجرجنرل قیصرسلیمان،گیریژن کمانڈر لاہور نے مزاراقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس سے قبل رات گئے کراچی،لاہور،اسلام آباد،فیصل آباد،ملتان،گوجرانوالہ ، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں یومِ آزادی شروع ہوتے ہی آسمان پررنگ ونورکی برسات ہوگئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت تمام عسکری اور سول حکام کی جانب سے جشن آزادی پرقوم کومبارک باد دی گئی۔