اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کی شدت برقرار ہے، ایک روز 7 ہزار سے زائد کیسز اور 21 اموات رپورٹ ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وبا کے تازہ ترین اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں۔
جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا سے مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 29 ہزار269 ہوگئی ہے۔
این سی اوسی کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں کوروناکے 61 ہزار 77 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے کوروناکے مزید 7 ہزار 048 کیسز رپورٹ ہوئے ، اس دوران ملک میں کوروناکے کیسز مثبت آنے کی شرح 11.53 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک میں کوروناکے ایک ہزار 423 زیرعلاج مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں جبکہ ملک بھر میں کوروناسے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 25 ہزار 039 تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کوروناکیسز کی تعداد پانچ لاکھ 41 ہزار 693 ، پنجاب میں 4 لاکھ 78 ہزار 527 ، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 94 ہزار166 اور بلوچستان میں 34 ہزار390 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 27 ہزار 497 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار651 اور آزاد کشمیر میں 38 ہزار115 کیسز سامنے آچکے ہیں۔