شہر قائد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آج بھی پورا دن وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس وقت کلفٹن ، صدر ، ڈی ایچ اے، گرومندر ، ایم اے جناح روڈ ، ناظم آباد ، نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد اور سرجانی ٹاون میں بھی بارش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ 14 اگست تک جاری رہے گا۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کہاں اور کتنی ہوئی؟
کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے ہیں۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 59.5 ملی میٹر ریکارڑ کی گئی جبکہ مسرور بیس 44، یونی ورسٹی روڈ 42.5 اور اورنگی میں 41.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ناظم آباد 37.5، نارتھ کراچی 37.1 ، سعدی ٹائون 35.3، گلشن معمار میں 30.5 ، کورنگی میں 26.6 ،گلشن حدید 20، کیماڑی 22 ملی میٹر بارش ریکارڑ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ گڈاپ 15.6، جناح ٹرمینل 13، اولڈ ٹرمینل 12، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 11.6 اور صدر میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڑ کی گئی۔
کراچی میں مزید کتنے دن بارشیں جاری رہیں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی
کراچی میں مزید کتنے روز تک بارش ہوگی اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ 16 اگست سے ایک اور سسٹم شہر کو متاثر کرے گا جسکا سلسلہ 18 تا19 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے بتایا کہ بحرہ عرب میں موجود ڈپریشن اس وقت کراچی سے 400 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، ڈپریشن گزشتہ 12 گھنٹوں میں مزید جنوب مغربی سمت جانب بڑھا ہے جبکہ آئندہ 12 گھنٹوں میں اسکے کمزور ہونے کے امکانات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے اور اس دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ بارش کا سلسلہ 14 اگست تک بدستور جاری رہے گا جبکہ اس دوران سمندر میں بھی طغیانی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماہیگیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کردہ ہے جبکہ شہر میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔