اسلام آباد: رواں ماہ بجلی کی قیمت میں 3 بار اضافے کے بعد مزید اضافے کی درخواست پیش کردی گئی، بجلی کی قیمت میں 2 روپے سے زائد فی یونٹ اضافہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے ایک ماہ کے لیے بجلی 2 روپے 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔
سی پی پی اے نے نیپرا کو ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دی ہے۔ سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ ستمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 7 روپے 68 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ اسی ماہ بجلی کی پیشگی پیداواری لاگت 5 روپے 2 پیسے فی یونٹ تھی۔
درخواست میں کہا گیا کہ ستمبر میں بجلی کی پیداوار میں پانی سے 36.2 فیصدبجلی پیدا کی گئی، کل بجلی کی پیداوار میں کوئلے سے 17.05 فیصدبجلی پیدا کی گئی۔
سی پی پی اے کا کہنا تھا کہ مقامی گیس سے 8.9 جبکہ درآمد ایل این جی سے 18.9 فیصدبجلی پیدا کی گئی۔ مہنگے فرنس آئل سےبجلی کی لاگت 19 روپے 23 پیسے فی یونٹ رہی۔
یاد رہے کہ اکتوبربجلی کی قیمتوں میں 3 بار اضافہ کیا جاچکا ہے، 15 اکتوبر کوبجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز بھی نیپرا نے کےالیکٹرک کے لیےبجلی کی قیمت میں 69 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا ہے، مذکورہ اضافے کا اطلاق صرف نومبر کے بلوں پر ہوگا۔