وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت ملائیشیا کے ہم منصب اسماعیل صابری یعقوب نے قبول کرلی۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ملائیشیا کے ہم منصب اسماعیل صابری یعقوب سے منگل 3 جنوری کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے نئے وزیراعظم اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ قریبی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا، جب کہ تجارت و سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
دوران گفتگو وزیراعظم پاکستان نے ملائیشین ہم منصب کو جنیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کيلئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ملائیشین وزیر اعظم نے ڈونرز کانفرنس میں اعلیٰ سطح کا وفد بھجوانے کی یقین دہائی کرائی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب کے پاس وزیر خزانہ کا قلمدان بھی ہے۔
ملائیشین وزیر اعظم نے پاکستانی ہم منصب کو بھي ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی، جب کہ شہباز شریف کی جانب سے دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت ملائیشین وزيراعظم نے قبول کرلی۔