وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں کسی قسم کا معاہدہ نہیں ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدہ کی خبر بے بنیاد ہے ، وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف میں لانگ مارچ کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پی ٹی آئی لانگ مارچ نہیں، صرف جلسہ کرے گی اور سابق وزیراعظم عمران خان جلسے کے بعد واپس چلے جائیں گے۔
حکومت اورپی ٹی آئی میں صبح 10 سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک مذاکرات ہوئے۔ حکومتی وفد میں ایاز صادق، یوسف رضا گیلانی شریک تھے جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور اسد عمر مذاکراتی ٹیم میں شامل تھے۔
معاہدے کی صورت میں جلسے کے بعد تمام سڑکیں کھول دی جائیں گی جب کہ تحریک انصاف پریڈ گراؤنڈ یا ایف نائن پارک جلسہ کرے گی۔