لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے نومئی واقعات پردرج مقدمے میں گلبرگ پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہورمیں نومئی کے واقعات پردرج مقدمات کی سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجازاحمد بٹرنے پولیس کی درخواست منظورکرلی۔ تھانہ گلبرگ میں درج مقدمے میں پولیس نے تفتیش کی اجازت مانگی۔
درخواست گزارنے موقف اختیار کیا کہ توشہ خانہ میں سزا کے بعد چیرمین پی ٹی آئی اٹک جیل میں قید کاٹ رہے ہیں تھانہ گلبرگ میں درج مقدمے میں تفتیش درکار ہے۔ عدالت چیرمین پی ٹی آئی سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے۔اس سے قبل بھی لاہورپولیس کو مختلف مقدمات میں جیل میں تفتیش کی اجازت مل چکی ہے۔
عدالت نے تھانہ گلبرگ پولیس کو ڈاکٹر یاسمین راشد، محمودالرشید سے بھی جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی ہے
اس کے علاوہ عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے سرورروڈ کے مقدمے میں اعجاز چوہدری سے تفتیش کی اجازت بھی دیدی۔
دوسری جانب لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی تھانہ گلبرگ میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ملزم حماد اظہرسمیت چارملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس نےموقف اختیارکیا کہ ملزمان کو گرفتارکرنے کے لیے متعدد کوششیں کی۔ ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت،ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے۔
عدالت،نے پولیس کی استدعا منظورکرتے ہوئے روپوش ملزم حماد اظہر،غلام عباس ،علی عباس اور سرمد ملک کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کی۔