وزیر داخلہ سے عراق کے سفیر نے ملاقات کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے عراق کے سفیر حامد عباس لفطا نے ملاقات کی جس میں پاک عراق دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان سیاحوں بالخصوص زائیرین کے لئے سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ویزاسہولیات اورسیکیورٹی تعاون بڑھانےکے لئے دونوں ملکوں کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔
عراقی سفیر حامد عباس لفطا نے کہا کہ پاکستان اورعراق کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اورعراق کے درمیان تعلقات تاریخی ، اسلامی بھائی چارے اورباہمی اعتماد پر قائم ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان اور عراق سمیت پوری دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، پاکستان خود دہشت گردی سے متاثر ملک ہے، 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عراق جانے والے زائرین کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ کریگا، دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی سمیت دیگر معاملات پر تعاون بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔