اسلام آباد: بھارت کی جانب سے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں میزائل گرنے کے واقعے کی غلطی تسلیم کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ بھارتی میزائل اگر تکنیکی خرابی ہے تو بہت بڑی ناکامی ہے۔ اس سے جنگ چھڑ سکتی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لگتا ہے بھارت کو چائے کی پیالی کی طلب ہو رہی ہے، اگریہ تکینکی خرابی ہے توبہت بڑی ناکامی ہے، عالمی برادری نوٹس لے اور تحقیقات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگریہ میزائل شہر میں گر جاتا تو بہت ساری شہادتیں ہو جاتی۔ بھارت کا رویہ غیرذمہ دارانہ ہے، اب مغرب کو اپنی خاموشی توڑ کر غیر ذمہ دارانہ حرکت پر نوٹس لینا ہو گا۔ اس سے حادثاتی جنگ چھڑسکتی تھی، ہم دنیا سے کہہ رہے ہیں اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
میاں چنوں میں گرنے والا میزائل ہمارا تھا، بھارت نے غلطی کا اعتراف کر لیا
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے بھارت کی سب میرین پاکستان کے پانی میں داخل ہوئی، پاکستان نیوی نے تعاقب کیا تو بھاگ گئے، مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر 21 ممالک نے نوٹس لیا ہے۔ پاکستان کو صرف ٹی وی پربیان نہیں جواب چاہیے، معمولی نوعیت کا واقعہ نہیں، بحیثیت وزیرخارجہ مطالبہ کررہا ہوں مجھے جواب چاہیے۔
بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارت سے آنیوالی ‘سپر سونک فلائنگ آبجیکٹ’ کی پاکستانی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔فلائنگ ابجیکٹ نو مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق 1843بجے بھارتی علاقے ‘سورت گڑھ’ سے پاکستانی حدود میں داخل ہوا اور تقریباً 1850 بجے پاکستان میں میاں چنوں شہر کے قریب زمین پر گرا،جس سے شہری املاک کو نقصان پہنچا۔