کراچی کے مختلف علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹوں تک گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سامنے آگئی۔
وزارت توانائی نے کراچی میں گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ عدالتی حکم کو قرار دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری بیان میں،وزارت توانائی کا کہنا تھا کہ ہر سردیوں میں سوئی گیس کپمنیاں چند صنعتی شعبوں پر گیس کی لوڈشیڈنگ کر کے ترجیحی سیکٹرز (بشمول گھریلو صارفین) کو گیس فراہم کرتی تھیں۔
وزارت توانائی کا مزید کہنا ہے کہ اس سال سندھ ہائی کورٹ نے سوئی کمپنی کو صنعتی صارفین کی لوڈشیڈنگ پر اسٹے آرڈر جاری کر رکھا ہے جس کی وجہ سے کراچی کو گیس کی فراہمی میں مشکل کا سامنا ہے۔
وزارت توانائی نے اپنے بیان میں صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم معزز عدالت میں اپنا موقف اگلی تاریخ پر بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ سرد موسم میں شہر قائد کے مختلف علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹوں کی گیس لوڈ شیڈنگ کے سبب شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔