لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ یہ جو نیلسن منڈیلا آیا ہے، یہ پہلے اپنے بھائی سے گیس، بجلی، پٹرول، بے روزگاری اور مہنگائی کا حساب لے۔
انہوں نے عدالت پیشی پر سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ یہ جو نیلسن منڈیلا آیا ہے، یہ پہلے اپنے بھائی سے مہنگائی کا حساب لے،لوگوں کے ساتھ اتنی زیادتیاں ہوئیں کہ وہ خودکشیاں کرنے لگ گئے، گیس اور بجلی مہنگی کر دی گئی۔اساتذہ کو سڑکوں پر مارا جا رہا ہے۔ انہیں الیکشن میں پتہ چلے گا۔
جب کہ لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت میں چوہدری پرویز الہی ان کے بیٹے مونس الہی و دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں چوہدری پرویز الہی کو پیش نہیں کیا جاسکا۔
سوموار کو سماعت پر اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے چوہدری پرویز الہی کی میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی جس میں بتایا گیا کہ چوہدری پرویز الہی سفر کرنے کے لیے طبی طور صحت مند نہیں ہیں۔
ایف آئی اے سنٹرل کورٹ کے جج تنویر احمد شیح نے کیس کی سماعت کی ۔ عدالت میں اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے پرویز الہی کی میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ رپورٹ کس نے بنائی ہے۔
نوازشریف کے دائمی وارنٹ بھی منسوخ‘ جائیداد ضبطگی پر نیب کو نوٹس
جیل حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے پرویز الہی کا چیک اپ کرنے کے بعد یہ رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ کے مطابق پرویز الہی سفر کرنے کے لیے فٹ نہیں۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ بتائیں کہ ایم پی او کے آرڈر تو ختم ہوگئے ہیں جس پر وکیل نے بتایا کہ جی آرڈر ختم ہوگئے ہیں اور لاہور ہائیکورٹ نے گرفتار کرنے سے بھی روک دیا تھا۔ پرویز الہی کے وکیل عامر سعید راں نے عدالت کو بتایا کہ 14 اگست کو ایم پی او کے آرڈر ختم ہوگئے اسکے بعد پرویز الہی کو اڈیالہ جیل سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
وکیل پرویز الہی نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے صرف پرویز الہی کے خلاف چالان جمع کروایا ہے۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے مونس الہی کے پلیڈر مقرر کرنے پر عدالت میں اعتراض اٹھایا۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ ایف آئی اے نے عدالت میں ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمہ کا چالان جمع کروا رکھا ہے۔